ویب ڈیسک
|
12 مہینے پہلے
بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق بیٹوں کا پہلا بیان سامنے آگیا

لندن: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بیٹوں، قاسم خان اور سلیمان خان، نے اپنے پہلے عوامی انٹرویو میں والد کی گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دونوں بیٹوں نے کہا ہے کہ قانونی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور اب ان کے پاس بہت کم راستے باقی رہ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا شخصیت ماریو نوفل کو دیے گئے انٹرویو میں قاسم خان نے کہا کہ انہوں نے ہر ممکن قانونی راستہ اختیار کیا، لیکن عمران خان کی طویل قید نے انہیں مجبور کر دیا کہ وہ اب عوامی سطح پر آواز بلند کریں۔ ان کے مطابق، حالات تیزی سے خراب ہو رہے ہیں، اور اب بین الاقوامی دباؤ ہی واحد راستہ بچا ہے۔
قاسم نے کہا، "ہمارا مقصد صرف اپنے والد کی رہائی نہیں، بلکہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور انسانی حقوق کا تحفظ بھی ہے۔”
سلیمان خان نے عالمی میڈیا کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی بار کوشش کی کہ اپنے والد سے رابطہ رکھ سکیں، لیکن اجازت کے باوجود یہ ممکن نہیں ہو پایا۔ ان کا کہنا تھا، "ہم چاہتے ہیں کہ دنیا دیکھے کہ عمران خان کس طرح کے غیر انسانی حالات میں قید ہیں۔”
انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی امید ظاہر کی کہ وہ اس معاملے پر آواز بلند کریں گے۔ ان کے مطابق، وہ ٹرمپ یا کسی بھی ایسے عالمی رہنما سے بات کرنا چاہیں گے جو انسانی حقوق اور آزادی اظہار کے اصولوں پر یقین رکھتا ہو۔
انٹرویو میں دونوں بیٹوں نے واضح کیا کہ ان کا سیاست میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، اور یہ بیان انہوں نے اپنے والد کی اجازت سے دیا ہے۔











