نوجوان کبڈی کھلاڑی ماکھا جٹ میچ کے دوران انتقال کرگئے

وہاڑی: کبڈی کے ایک دوستانہ میچ کے دوران نوجوان کھلاڑی ماکھا جٹ اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے، جس سے کھیلوں کے حلقوں میں گہرا صدمہ دیکھا گیا۔
واقعہ وہاڑی میں پیش آیا جہاں ماکھا جٹ جہانیاں منڈی سے تعلق رکھنے والے کبڈی کھلاڑی میچ میں شریک تھے۔ دورانِ کھیل اچانک ان کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ گر پڑے۔ فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، مگر بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر شافع حسین اور سیکرٹری محمد سرور رانا نے ماکھا جٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سیکرٹری فیڈریشن محمد سرور کا کہنا تھا کہ ایک نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی کا یوں میدان میں انتقال دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انھیں صبر جمیل عطا فرمائے۔
ماکھا جٹ کبڈی کے مقامی مقابلوں میں اپنی طاقت اور کارکردگی کے باعث جانے جاتے تھے۔ ان کے انتقال سے نہ صرف ان کے علاقے بلکہ پورے کبڈی حلقے میں سوگ کی فضا ہے۔











