برطانیہ میں 2 سالہ بچے جوڈی اوئنز نے اسنوکر میں گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا

برطانیہ سے تعلق رکھنے والی صرف دو سالہ جوڈی اوئنز نے اسنوکر کے مشکل شاٹس کھیل کر دنیا کو حیران کر دیا اور گنیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کروا لیا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اسنوکر کو ایک تکنیکی اور مشکل کھیل تصور کیا جاتا ہے جس میں مہارت حاصل کرنے کے لیے طویل مشق درکار ہوتی ہے، تاہم کم سن جوڈی نے غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی دستاویزات کے مطابق 12 اکتوبر 2025 کو جوڈی اوئنز نے محض 2 سال اور 302 دن کی عمر میں کامیابی کے ساتھ پول بینک شاٹ مکمل کیا جو اس عمر کے بچے کے لیے ایک غیر معمولی کارنامہ سمجھا جاتا ہے۔

اس سے قبل بھی جوڈی نے 2 سال اور 261 دن کی عمر میں اسنوکر کا مشکل ڈبل پوٹ شاٹ کھیل کر ناظرین اور کھیلوں کے ماہرین کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔
ان دونوں کامیابیوں کے بعد جوڈی اوئنز کو دنیا کی کم عمر ترین کھلاڑی قرار دیا گیا جس نے اسنوکر کے مشکل شاٹس کامیابی سے مکمل کیے۔
سوشل میڈیا پر بھی اس کم عمر کھلاڑی کی ویڈیوز وائرل ہوئیں جہاں صارفین نے اس کی مہارت اور اعتماد کو سراہا اور اسے مستقبل کا بڑا کھلاڑی قرار دیا۔

ماہرین کے مطابق کم عمری میں ایسی صلاحیتوں کا سامنے آنا نہ صرف کھیل کے لیے مثبت اشارہ ہے بلکہ بچوں کی تربیت اور کھیلوں کی ابتدائی تعلیم کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔












