بنگلادیش کا چین سے 20 جے 10 سی طیارے خریدنے کا فیصلہ

بنگلادیش نے چین سے 20 جے 10 سی لڑاکا طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ فضائیہ کو جدید بنانے اور ملکی فضائی دفاع کو مضبوط کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق اس معاہدے کی کل لاگت تقریباً 2 ارب 20 کروڑ ڈالر ہے، جس میں طیاروں کی قیمت، پائلٹس کی تربیت، دیکھ بھال اور دیگر اخراجات شامل ہیں۔
یہ طیارے چین سے حکومت سے حکومت کے معاہدے کے تحت مالی سال 2025-26 اور 2026-27 کے دوران خریدے جائیں گے۔ ادائیگیاں 10 سال میں یعنی 2035 تک مکمل کی جائیں گی۔
جے 10 سی طیارہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور یہ فضائی اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ طیارہ آواز کی رفتار سے 2.2 گنا زیادہ یعنی تقریباً 2415 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اُڑ سکتا ہے۔ اس کی مار کرنے کی حد 200 کلومیٹر تک ہے۔
بنگلادیش کی حکومت نے اس معاہدے کو مکمل کرنے کے لیے 11 رکنی کمیٹی بھی بنا دی ہے۔ واضح رہے کہ مئی میں پاک بھارت فضائی تناؤ میں پاکستان کی برتری اور جے 10 سی کی کارکردگی کے بعد کئی ممالک نے اس طیارے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔











