ویب ڈیسک
|
9 مہینے پہلے
بڑی ٹیک کمپنیاں بھارت سے ملازمین رکھنا بند کریں، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گوگل، مائیکروسافٹ سمیت بڑی ٹیک کمپنیوں کو سخت تنبیہ کی ہے کہ وہ بیرونِ ملک، خصوصاً بھارت سے ملازمین کی بھرتی بند کریں اور صرف امریکی شہریوں کو روزگار دیں۔
واشنگٹن میں اعلیٰ سطحی اے آئی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے سیلیکون ویلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمپنیاں امریکی آزادی کا فائدہ اٹھا کر فیکٹریاں چین میں، ملازمین بھارت سے، اور منافع آئرلینڈ میں چھپا رہی ہیں۔ ’’اب ایسا نہیں چلے گا۔‘‘
انہوں نے اعلان کیا کہ 3 نئے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ جس کے تحت ریگولیشنز کم ہوں گی؛ ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر تیز کی جائے گی اور امریکی ساختہ "غیر جانب دار” اے آئی پر زور دیا جائے گا۔ جبکہ سیاسی یا "ووک” رجحانات والی اے آئی پر پابندی ہوگی۔
ٹرمپ نے زور دیا کہ امریکی اے آئی ٹیکنالوجی کو عالمی سطح پر فروخت کیا جائے گا تاکہ امریکا مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں سبقت لے سکے۔
انہوں نے ’’مصنوعی ذہانت‘‘ (اے آئی) کی اصطلاح پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اسے ’’جینیئس ٹیکنالوجی‘‘ کہا جانا چاہیے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، ان بیانات سے بھارتی آئی ٹی ماہرین اور عالمی آؤٹ سورسنگ ماڈل کو بڑا دھچکا لگ سکتا ہے، جبکہ امریکی ٹیک جابز غیر ملکیوں کے لیے محدود ہو سکتی ہیں۔











