چین کی 10 سالہ بچی نے عیدی سے سونا خرید کر سب کو حیران کر دیا

عام طور پر بچے تہواروں پر ملنے والی رقم کھانے پینے یا کھلونوں پر خرچ کر دیتے ہیں، مگر چین میں ایک 10 سالہ بچی نے اپنی رقم کو سونے میں تبدیل کر کے سب کو حیران کر دیا۔
یہ بچی چین کے صوبے Hebei کے علاقے لانگ فینگ سے تعلق رکھتی ہے، جو گزشتہ تین برس سے چینی نئے سال پر ملنے والی رقم سے سونا خرید رہی ہے۔
ہر سال بچی کو والدین کی جانب سے سرخ لفافے میں رقم دی جاتی تھی، جسے چین میں خوش قسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ تاہم بچی کو خدشہ تھا کہ کہیں اس کی جمع پونجی ضائع نہ ہو جائے۔
بچی کی والدہ بائی کے مطابق، ان کی بیٹی نے 2023 میں پہلی بار سونا خریدا کیونکہ وہ نقد رقم کے بجائے سونے کو زیادہ محفوظ سمجھتی تھی۔
والدہ نے بتایا کہ بچی کو ہر سال اوسطاً 4 ہزار یوآن ملتے تھے۔ جب اس نے پہلی بار سونا خریدا تو فی گرام قیمت 460 یوآن تھی، جو فروری 2026 میں بڑھ کر 1100 یوآن تک پہنچ چکی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال میں چین میں سونے کی قیمت میں تقریباً 60 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ رواں سال کے ابتدائی مہینے میں ہی 30 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اب تک بچی 30 گرام سونا خرید چکی ہے اور مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کی والدہ کا کہنا ہے کہ بیٹی ان سے بہتر سرمایہ کاری کر رہی ہے اور انہیں افسوس ہے کہ انہوں نے بھی پہلے سونا نہیں خریدا۔












