چین کے ایتھلیٹ کا کارنامہ: 100 دن تک روزانہ 100 کلومیٹر دوڑنے کا ریکارڈ قائم

چین میں ایک شخص نے الٹرا میراتھون میں حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے لگاتار 100 دن تک روزانہ 100 کلومیٹر دوڑ کر شاندار ریکارڈ قائم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لانگ شاؤ کے نام سے مشہور ہوانگ زینگ لونگ نے چین کے شہر فوشان میں 6 دسمبر 2025 سے 15 مارچ 2026 کے دوران مجموعی طور پر 10 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
ہوانگ زینگ لونگ نے اس منفرد چیلنج کی تیاری عالمی وبا کورونا کے دوران شروع کی۔ انہوں نے اپنا کاروبار بند کر کے مکمل توجہ دوڑنے پر مرکوز کر دی۔
رپورٹس کے مطابق انہوں نے پورے ایک سال یعنی 365 دن تک مسلسل مشق کی اور پھر اس مشکل ترین چیلنج میں حصہ لیا، جہاں انہوں نے مسلسل 100 دن تک روزانہ 100 کلومیٹر دوڑ کر سب کو حیران کر دیا۔
ہوانگ زینگ لونگ کا کہنا ہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے اعزاز حاصل کرنا ان کے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے، جبکہ بہت سے لوگ اس چیلنج کو ناممکن سمجھتے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دوران ان کی فٹنس برقرار رکھنے کے لیے ایک ماہر غذائیت اور طبی ٹیم بھی ان کے ساتھ موجود رہی، جو مسلسل ان کی صحت کی نگرانی کرتی رہی۔












