ویب ڈیسک
|
8 مہینے پہلے
اسرائیلی حملے کی مذمت، پاکستان قطر کے ساتھ کھڑا ہے

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے ترکیہ اور برطانیہ کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں پاکستان کے اہم شراکت دار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کئی معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور مشترکہ چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے اسرائیل کے قطر پر حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو اس حملے پر جواب دہ بنایا جائے کیونکہ یہ اقدام قطر کی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کا دورہ کرکے قطری قیادت اور عوام کو پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اسرائیل کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے اور امت مسلمہ کو اس موقع پر متحد ہونا ہوگا۔ پاکستان مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ اس کی حمایت کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں قازقستان کے نائب وزیراعظم اور ترکیہ کے وزیر دفاع نے پاکستان کا دورہ کیا۔ دونوں ممالک کے ساتھ اہم ملاقاتیں اور معاہدے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے انسداد دہشت گردی فورم کی صدارت بھی سنبھال لی ہے اور دہشت گردی کے خلاف اپنی قربانیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کروایا ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں اور کشمیری عوام بہادری سے ان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حریت رہنماؤں پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے اور یاسین ملک کی درخواست ضمانت بھی مسترد کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان کا دورہ چین پہلے سے طے شدہ تھا اور یہ اچانک نہیں ہوا۔ دوحہ میں عرب اسلامی ممالک کا ہنگامی اجلاس بھی 15 ستمبر کو ہوگا۔
- دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ FIFA World Cup 2026 کے لیے انعامی رقم اور ٹیموں کی تفصیلات سامنے…6 گھنٹے پہلے














