03:42 , 30 اپریل 2026
Watch Live

بلوچستان سے افغان طالبان کا خطرناک دہشت گرد حبیب اللہ گرفتار

دہشت گرد حبیب اللہ گرفتار
دہشت گرد حبیب اللہ گرفتار

کوئٹہ: سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران افغان طالبان سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشت گرد حبیب اللہ عرف ‘لالو’ کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات اور وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کی عمر 20 سال ہے اور وہ بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرتا رہا ہے۔ حبیب اللہ براہِ راست ایف سی کے دو جوانوں کی شہادت میں ملوث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حبیب اللہ کا بھائی افغانستان کے علاقے پکتیکا میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈر ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹی ٹی اے اور ٹی ٹی پی بلوچستان میں مشترکہ کارروائیاں کر رہی ہیں۔

عید کے بعد افغانستان میں آپریشن دوبارہ شروع، دہشتگرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا

حمزہ شفقات نے مزید بتایا کہ حبیب اللہ کو پہلے بھی گرفتار کیا گیا تھا، لیکن اس نے خود کو ‘بھٹکا ہوا عام افغانی’ ظاہر کیا، جس پر پاکستان نے خیر سگالی کے طور پر اسے افغان حکام کے حوالے کر دیا تھا۔ تاہم وہ دوبارہ پاکستان میں داخل ہوا اور دہشت گردانہ کارروائیاں شروع کر دی تھیں۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ اب تک بلوچستان سے 9 لاکھ 60 ہزار غیر قانونی مقیم افغان شہری واپس بھیجے جا چکے ہیں اور گزشتہ ایک سال کے دوران ہزاروں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ ضیا لانگو نے خبردار کیا کہ افغانستان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

یہ گرفتاری صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں میں ایک اہم کامیابی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION