فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقاتیں

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے ملاقات کی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات تہران میں ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گزشتہ روز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں اہم علاقائی امور پر گفتگو ہوئی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کا عزم مشترکہ اور مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تعاون پاکستان اور ایران کے گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کا دورہ تہران امریکا اور ایران کے درمیان جاری ثالثی کوششوں کا حصہ ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس دورے میں فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں۔
یہ دورہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے کردار کو ظاہر کرتا ہے۔
















