سیلابی ریلا دادو میں تباہی کے بعد لاڑکانہ سیہون بند سے ٹکرا گیا

دادو میں سیلاب کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے، جہاں سیلابی ریلا کئی علاقوں میں تباہی مچاتا ہوا لاڑکانہ کے سیہون بچاؤ بند سے ٹکرا گیا۔ اب تک دادو کے 50 سے زائد دیہات متاثر ہو چکے ہیں۔
ریلا ٹکرانے سے تین دیہات اور کئی رابطہ سڑکیں زیرِ آب آ گئی ہیں۔ کچے کے علاقے نئوں گوٹھ میں پانی داخل ہو گیا، جس کی وجہ سے بنیادی صحت مرکز بھی پانی میں ڈوب گیا ہے۔
ادھر نوشہرو فیروز میں بھی لوپ بند میں شگاف پڑ گیا، جس کے باعث بکھری کے قریبی گاؤں پانی میں ڈوب گئے۔ تاہم، سندھ کے وزیر آب پاشی جام خان شورو نے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے قریب بکھری بند محفوظ ہے اور وہاں کوئی شگاف نہیں پڑا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اب تک ایک لاکھ 85 ہزار 550 افراد کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت صرف لوگوں کو بچانے پر نہیں بلکہ ان کی املاک اور مویشیوں کو بھی محفوظ بنانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ سیلاب سے کم سے کم نقصان ہو۔
















