راولپنڈی میں 7 سالہ بچی کی قبر سے چھیڑ چھاڑ

راولپنڈی کے دھمیال علاقے میں سات سالہ بچی کی قبر سے چھیڑ چھاڑ کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے قبر کی بے حرمتی کرنے والے ملزم غلام رسول کو گرفتار کر لیا ہے، جو بچی کا سگا ماموں ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے قبر کھودنے اور دوبارہ تیار کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے کالا جادو کرنے کے لیے بچی کی قبر کھودی تھی اور پھر اسے دوبارہ درست کیا۔ لاش کی بے حرمتی کے حوالے سے حتمی فیصلہ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ فرانزک نمونے لاہور بھیجے گئے ہیں تاکہ تحقیقات مکمل کی جا سکیں۔
یہ واقعہ 28 اگست کو سامنے آیا تھا، جس کے بعد ملزم روپوش ہو گیا تھا، لیکن پولیس نے اسے تلاش کرکے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے اور اسے دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ملزم غلام رسول نے دوران تفتیش قبر سے چھیڑ چھاڑ اور کالا جادو کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تھانہ دھمیال میں درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔













