بھارت میں انڈیگو ایئرلائن کا بحران سنگین، پائلٹس کی قلت کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ

بھارت کی نجی ایئرلائن انڈیگو انتظامی غفلت کے باعث شدید بحران کا شکار ہے اور پیر سے جاری مسائل کے باعث آج بھی سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرلائن تاحال پائلٹس کے اوقات کار کو حتمی شکل دینے میں ناکام رہی ہے، جس کے نتیجے میں آپریشنل نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
انڈیگو کے پاس 400 طیاروں کا بیڑا ہے اور یہ روزانہ تقریباً 2300 پروازیں آپریٹ کرتی ہے، تاہم پائلٹس کی قلت نے پورے نظام کو متاثر کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے مناسب پلاننگ نہ ہونے کے باعث پائلٹس کے شیڈولز وقت پر مرتب نہیں کیے جا سکے۔
اس وجہ سے نئی دہلی، ممبئی، پونے، بنگلورو، چنئی، حیدر آباد اور گجرات کے مختلف شہروں میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
ملک بھر میں اب تک 400 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس گئے ہیں۔
مسافروں کو ری شیڈولنگ اور بکنگ میں تاخیر کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ایئرلائن کی ناقص معلومات نے پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی حکام نے پروازوں کو محفوظ بنانے کے لیے پائلٹس کے اوقات کار پر نئی پابندیاں نافذ کی ہیں۔
نئی ڈیوٹی ٹائم پابندیاں زیادہ آرام اور کم تھکن کو یقینی بنانے کے لیے لگائی گئی ہیں تاکہ پائلٹس طویل پروازوں کے دوران دباؤ میں نہ آئیں۔
انڈیگو نے اعتراف کیا ہے کہ وہ یکم نومبر سے قبل ان قواعد پر عمل درآمد کے لیے ضروری تیاری نہیں کر سکی۔
دسمبر کے مصروف ٹریول سیزن کے آغاز سے پہلے ہی اس بدانتظامی نے بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی کا باعث بنایا۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم شیڈول مکمل طور پر بحال ہونے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

















