فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک روزہ شائقین کی حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شائقین کی ایک روزہ حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا، جس نے فٹبال کی عالمی مقبولیت کو ایک بار پھر ثابت کر دیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران شائقین کی غیر معمولی دلچسپی نے تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔
فیفا کے مطابق 16 جون کو کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 4 میچز میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار 223 شائقین اسٹیڈیم پہنچے، جو ایک دن میں سب سے زیادہ تماشائیوں کی آمد کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل ایک روزہ حاضری کا ریکارڈ 1994 کے ورلڈ کپ کے نام تھا، جب ایک دن میں 2 لاکھ 77 ہزار 70 شائقین نے میچز دیکھے تھے۔ موجودہ ٹورنامنٹ میں یہ تاریخی ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
فیفا کے مطابق فرانس، سینیگال، Iraq عراق، ناروے، ارجنٹینا، الجزائر، آسٹریا اور اردن کے میچز میں ریکارڈ حاضری دیکھنے میں آئی۔
رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کے ابتدائی 6 روز میں مجموعی طور پر 13 لاکھ 9 ہزار 652 شائقین میچز دیکھنے اسٹیڈیم پہنچے، جبکہ فی میچ اوسط حاضری 65 ہزار 483 رہی۔
فیفا کا کہنا ہے کہ موجودہ رفتار کو دیکھتے ہوئے ورلڈ کپ 2026 مجموعی حاضری کے تاریخی ریکارڈ کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ 1994 کے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 35 لاکھ شائقین نے میچز دیکھے تھے۔
جیانی انفانٹینو نے کہا کہ 16 جون 2026 ورلڈ کپ کی تاریخ کا یادگار دن بن گیا۔ ان کے مطابق شائقین نے ٹورنامنٹ میں رنگ، جوش اور شاندار ماحول پیدا کر کے فٹبال کی عالمی مقبولیت کو مزید نمایاں کر دیا۔













