گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیو ایم سے رابطے

پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی قیادت سے رابطے کرلیے ہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی رابطے تیز ہو گئے ہیں اور مختلف جماعتیں اتحاد سازی پر غور کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی وفاق میں موجود اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس حوالے سے اپوزیشن قیادت آئندہ 24 گھنٹوں میں مشاورت کرے گی اور حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے ایک اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ دو آزاد امیدوار گلگت بلتستان سے کامیاب ہوئے ہیں۔ خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشستوں کو شامل کرنے کے بعد اپوزیشن کے پاس مجموعی طور پر 5 ارکان کی حمایت موجود ہوگی۔
دوسری جانب گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 میں سے 22 حلقوں کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 10 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کو 5 نشستیں ملی ہیں۔ چار آزاد امیدوار استحکام پاکستان پارٹی (IPP) میں شامل ہو گئے ہیں، جس کے بعد آئی پی پی کی نشستیں 4 ہو گئی ہیں، جبکہ دو آزاد امیدوار اور ایم ڈبلیو ایم ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی دعوت دی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے سیاسی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ آئندہ دنوں میں مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔












