12:51 , 18 جون 2026
Watch Live

مئی 2026 تک 2 لاکھ 78 ہزار سے زائد پاکستانی روزگار کیلئے بیرون ملک روانہ

بیرون ملک پاکستانی

رواں سال مئی 2026 تک بیرون ملک پاکستانی ملازمتیں حاصل کرنے کے لیے 2 لاکھ 78 ہزار 536 پاکستانی مختلف ممالک کا رخ کر چکے ہیں۔ بیورو آف امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق روزگار کے بہتر مواقع کی تلاش میں بڑی تعداد میں پاکستانی بیرون ملک گئے، جن میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد اور مزدور شامل ہیں۔

بیورو آف امیگریشن کے مطابق رواں سال ایک ہزار 284 ڈاکٹرز بیرون ملک ملازمت کے لیے روانہ ہوئے، جبکہ 2 ہزار 341 انجینئرز بھی روزگار کی غرض سے دوسرے ممالک گئے۔ اسی عرصے کے دوران 487 نرسز نے بھی بیرون ملک ملازمت اختیار کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک جانے والے ڈرائیورز کی تعداد 52 ہزار 652 رہی، جبکہ سب سے بڑی تعداد مزدوروں کی تھی۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ 72 ہزار 6 مزدور مختلف ممالک میں روزگار حاصل کرنے کے لیے پاکستان سے روانہ ہوئے۔

مزید پڑھیں: حکومت سے مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی تیار، وزیراعظم کی پیشکش کا خیرمقدم

ملک وار اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب پاکستانی کارکنوں کی سب سے بڑی منزل رہا، جہاں ایک لاکھ 59 ہزار 144 افراد گئے۔ اس کے بعد 50 ہزار 574 پاکستانی متحدہ عرب امارات، 30 ہزار 312 قطر، 86 ہانگ کانگ اور 23 افراد روزگار کے لیے ایران روانہ ہوئے۔

بیورو آف امیگریشن کے ڈیٹا کے مطابق رواں سال مئی تک ایک ہزار 234 پاکستانی برطانیہ اور 357 پاکستانی امریکا میں روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے لیے گئے۔ ماہرین کے مطابق بیرون ملک پاکستانی ملازمتیں نہ صرف بے روزگاری میں کمی کا باعث بنتی ہیں بلکہ ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت کو بھی سہارا فراہم کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION