اسلام آباد میں ایک صدی پرانا تاریخی ورثہ مٹ گیا، جنگ عظیم اول کی یادگار منہدم

اسلام آباد میں ایک صدی پرانا تاریخی ورثہ اس وقت ضائع ہو گیا جب 1914 میں تعمیر کی گئی جنگ عظیم اول کی یادگار کو ترقیاتی منصوبے کے دوران منہدم کر دیا گیا۔
یہ تاریخی یادگار رہارا گاؤں، کوری روڈ پر واقع تھی اور مقامی فوجیوں کی خدمات کے اعتراف میں بنائی گئی تھی، جو پہلی عالمی جنگ میں شریک رہے تھے۔
یہ مقام سی ڈی اے اور ڈی ایچ اے کے مشترکہ ہاؤسنگ منصوبے ’مارگلہ انکلیو‘ کی تعمیر کے دوران بھاری مشینری کی زد میں آ کر تباہ ہو گیا۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق یہ یادگار علاقے کی شناخت اور قبل از آزادی تاریخ کی علامت تھی، اور اس کے تحفظ کے لیے متعدد بار حکام کو درخواستیں دی گئیں۔
محکمہ آثارِ قدیمہ نے پہلے ہی اس یادگار کو منتقل کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے اس کی تاریخی اہمیت پر زور دیا تھا۔
وزارتِ قومی ورثہ کے حکام نے موقع کا دورہ کرنے پر وہاں صرف ملبہ پایا، جس کے بعد شہریوں اور ماہرین آثارِ قدیمہ میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔
دوسری جانب سی ڈی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یادگار کو منہدم کرنے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔












