01:33 , 24 جون 2026
Watch Live

منگھوپیر میں ماربل فیکٹری کے مالک کو 10 کروڑ روپے بھتے کی پرچی موصول

منگھوپیر میں بھتے کی پرچی موصول

کراچی میں بھتہ خور گروہ ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ہیں، اور شہر میں بھتے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تازہ واقعہ منگھوپیر میں پیش آیا، جہاں ماربل فیکٹری کے مالک کو 10 کروڑ روپے بھتے کی پرچی کے ساتھ دو گولیاں بھی بھجوائی گئیں، جس سے کاروباری حلقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ تاجر کو گزشتہ چند روز سے نامعلوم نمبروں سے کالز اور میسجز موصول ہو رہے تھے، جن میں بھتے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ بعد ازاں ایک پارسل موصول ہوا، جس میں دو نائن ایم ایم گولیاں اور بھتے کی تحریری پرچی شامل تھی۔ دھمکی دی گئی کہ "پانچ دن کے اندر رقم ادا کرو، ورنہ خطرناک نتائج بھگتنا ہوں گے”۔ بھتہ خوروں نے خود کو گینگ وار گروہ کا رکن ظاہر کیا۔

متاثرہ تاجر کا کہنا ہے کہ بھتہ نہ دینے کی صورت میں سنگین انجام سے دوچار کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جبکہ مسلسل دھمکی آمیز پیغامات سے اہلِ خانہ بھی خوفزدہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘سندھ میں کوئی دوسرا صوبہ نہیں بنےگا،بانی پی ٹی آئی کو ضمانت ملنےپر مبارکباد دیتاہوں’

پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (SIU) کے سپرد کر دی ہے، جبکہ بھتہ خوروں کے نمبرز اور پارسل کے شواہد کا فرانزک جائزہ لیا جا رہا ہے۔

گزشتہ دو دن کے دوران بھتے کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل نیو ایم اے جناح روڈ پر ایک شوروم کے مالک سے 50 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا تھا، اور بھتہ نہ دینے پر نامعلوم افراد نے شوروم پر فائرنگ بھی کی تھی۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ شہر میں بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات نے کاروباری طبقے کو شدید عدم تحفظ کا شکار کر دیا ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دونوں واقعات کی تحقیقات کو تیز کرکے مجرموں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION