کراچی میں دودھ کی قیمتوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری

کراچی: شہر میں دودھ کی قیمتوں سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق ریٹیل سطح پر دودھ کی فی لیٹر قیمت 220 روپے برقرار رہے گی۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تازہ نرخ نامہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صارفین کے لیے دودھ کی موجودہ قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیری فارمرز کے لیے دودھ کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد فارم گیٹ ریٹ بڑھ کر 200 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ اسی طرح ہول سیلر کے لیے قیمت میں 3 روپے اضافہ کرکے نیا ہول سیل ریٹ 208 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
ریٹیلرز کے لیے قیمت برقرار رکھنے کے فیصلے کو ڈیری فارمرز کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر چوہدری فاروق نے کمشنر کراچی کے نوٹیفکیشن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نیا ریٹ فارم سیکٹر کے لیے بہتر توازن پیدا کرے گا اور دودھ کی سپلائی چین کو مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : رواں مالی سال میں گیس قیمتوں پر اوگرا کے متضاد بیانات
واضح رہے کہ کمشنر کراچی کی جانب سے اس سے قبل 13 جون 2024 کو نئی قیمتیں مقرر کی گئی تھیں۔ بعد ازاں ڈیری فارمز نے پیداواری لاگت میں اضافے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے قیمت بڑھانے کی درخواست کی تھی تاہم انتظامیہ نے اس وقت مطالبہ مسترد کر دیا تھا۔
تازہ فیصلے کے بعد شہریوں کے لیے فی الوقت دودھ کی ریٹیل قیمت میں کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا، جبکہ فارمرز اور ہول سیلرز کے لیے معمولی ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے تاکہ مارکیٹ میں بے چینی پیدا نہ ہو اور روزمرہ استعمال کی اس اہم ضرورت کی مناسب فراہمی جاری رہے۔











