11:26 , 23 جون 2026
Watch Live

شمالی وزیرستان میں مشران اور قبائلی عمائدین کا اہم جرگہ

مشران اور قبائلی عمائدین کا اہم جرگہ

شمالی وزیرستان میں مقامی مشران اور قبائلی عمائدین کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا جس میں علاقے کی سکیورٹی صورتحال، امن و امان اور فلاحی اقدامات سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی۔

جرگہ میرانشاہ میں پاک فوج کے زیرِ انتظام منعقد کیا گیا، جہاں جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میرانشاہ نے شرکاء کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے امن کے قیام میں قبائلی عمائدین کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں استحکام قبائلیوں کی قربانیوں اور ان کے بھرپور کردار کے بغیر ممکن نہیں۔

اجلاس میں شمالی وزیرستان کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، انسداد دہشتگردی کے اقدامات اور جاری فلاحی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ جی او سی کا کہنا تھا کہ عوام، سول انتظامیہ اور پاک فوج کے مشترکہ تعاون سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے اور اس مقصد کے لیے ہر سطح پر مربوط کوششیں جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن، 4 خوارج ہلاک

جرگہ میں موجود قبائلی رہنماؤں نے بھی امن و امان کے قیام کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں اور کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔

عمائدین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف ریاست کی کاوشوں میں ہر سطح پر بھرپور ساتھ دیں گے اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

جرگہ کا اختتام قومی یکجہتی، خطے کی سلامتی اور پاک فوج کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں سے شمالی وزیرستان میں امن مزید مضبوط ہوگا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION