07:11 , 24 جون 2026
Watch Live

پاکستان ګا بھارت میں اسلامو فوبیا پر تشویش کا اظہار

اسلامو فوبیا

اسلام آباد — وزارتِ خارجہ نے ایودھیا میں رام مندر پر حالیہ پرچم کشائی کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت میں بڑھتی ہوئی اسلاموفوبیا اور مسلم ورثے کو درپیش خدشات کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کی اپیل کی ہے۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ رام مندر اس مقام پر تعمیر کیا گیا ہے جہاں 1992 میں تاریخی بابری مسجد کو انتہا پسند گروہوں نے منہدم کیا تھا۔ بیان کے مطابق بعد ازاں ہونے والے عدالتی فیصلے اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔

پاکستان نے کہا کہ ایودھیا کا واقعہ بھارت میں مذہبی اقلیتوں پر دباؤ اور مسلم ثقافتی و مذہبی ورثے کے خاتمے کے وسیع تر رجحان کا حصہ ہے۔ متعدد تاریخی مساجد کے بارے میں بھی خطرات کا اظہار کیا گیا ہے، جبکہ بھارتی مسلمان سماجی، معاشی اور سیاسی سطح پر بڑھتی ہوئی حاشیہ نشینی کا سامنا کر رہے ہیں۔

دفترِ خارجہ نے عالمی اداروں، خصوصاً اقوامِ متحدہ، سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلم ورثے کے تحفظ اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے دفاع کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

بیان میں بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے بین الاقوامی انسانی حقوق کے تقاضوں کے مطابق تمام مذہبی برادریوں، بشمول مسلمانوں، کے جان و مال اور عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION