وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے حلال گوشت برآمدی پالیسی کی منظوری

وزیراعظم شہباز شریف نے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں برآمدات بڑھانے کے لیے دو ہفتوں میں حکمت عملی اور تین سالہ جامع منصوبہ بندی پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مسلم ممالک اور عالمی حلال گوشت مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ قابلِ قدر بنانا ہوگا۔ اس کے لیے متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ضروری ہے۔
انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ پیداوار، کولڈ اسٹوریج اور دیگر عوامل بہتر بنانے کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ لائیو اسٹاک میں حلال گوشت کی پیداوار عالمی معیار کے مطابق ہونی چاہیے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ذبیح خانوں کی عالمی سرٹیفیکیشن اور دیگر ممالک میں رجسٹریشن کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ذبیح خانوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانا اور حلال گوشت کے شعبے کی لاگت کم کرنا اہم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ علاقے میں پیداواری مسابقت بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ اس طرح نہ صرف برآمدات بڑھیں گی بلکہ معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔












