مریم نواز کا جرائم میں اضافے پر سخت نوٹس، پولیس کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں جرائم کی شرح میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اجلاس طلب کیا اور پولیس حکام کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں شیخوپورہ اور فیصل آباد میں جرائم پر قابو نہ پانے پر متعلقہ افسران کی سرزنش کی گئی اور صورتحال کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے گئے۔
مریم نواز نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ سی سی ڈی کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ جرائم پر مؤثر طریقے سے قابو پایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کی شرح میں اضافہ انتہائی شرمناک اور تشویشناک ہے اور اس پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کو محفوظ صوبہ بنانے کے لیے پہلے بھی اقدامات کیے گئے ہیں اور اب سستی یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا گیا ہے، اب انہیں اپنی کارکردگی سے ثابت کرنا ہوگا۔
مریم نواز نے مختلف واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گلبرگ میں گاڑی کی بیٹری چوری، گجرات میں بس سے بیگ چھیننے اور منشیات کے بڑھتے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں اور ایسے واقعات پر فوری قابو پایا جائے۔










