11:46 , 30 اپریل 2026
Watch Live

سیلاب متاثرین کو 17 اکتوبر سے امدادی چیک دیے جائیں گے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب متاثرین کو 17 اکتوبر سے امدادی چیک دینے کی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ متاثرین کو امدادی پیکج کے تحت مالی مدد فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں طے پایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ مستقل معذوری کی صورت میں 5 لاکھ اور معمولی معذوری کی صورت میں 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

گھروں کے نقصان کی بنیاد پر بھی امداد دی جائے گی، جہاں پکا گھر مکمل گرنے پر 10 لاکھ اور جزوی نقصان پر 3 لاکھ روپے ملیں گے۔ اسی طرح کچے گھروں کے لیے مکمل نقصان پر 5 لاکھ اور جزوی نقصان پر ڈیڑھ لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بڑے جانور کے مرنے پر 5 لاکھ روپے اور چھوٹے جانور کے مرنے پر 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ سیلاب کے دوران خدمات انجام دینے والے سول ڈیفنس رضاکاروں کی تنخواہوں میں 15 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

مزید برآں، 25 فیصد فصل کے نقصان پر کسانوں کو فی ایکڑ 20 ہزار روپے دیے جائیں گے اور پنجاب کے 2855 دیہات میں زرعی انکم ٹیکس معاف کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بات بھی واضح کی گئی کہ سب متاثرین کو امداد دی جائے گی اور دریا کی گزرگاہ میں تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION