عمران خان کے انتقال کی افواہوں نے مشی خان کو رُلا دیا، ویڈیو وائرل

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے انتقال سے متعلق جھوٹی خبریں بڑے پیمانے پر گردش کرتی رہیں۔ ان بے بنیاد دعوؤں کو بھارتی اور افغان میڈیا کے بعض حلقوں نے بھی نشر کیا، جس کے بعد عوامی سطح پر تشویش بڑھ گئی۔
سوشل میڈیا صارفین، خاص طور پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے عمران خان کی صحت سے متعلق سرکاری سطح پر معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ متعدد آن لائن ٹرینڈز کے ذریعے یہ مطالبہ کیا گیا کہ حکام عمران خان کی خیریت سے متعلق واضح بیان جاری کریں۔
اداکارہ و میزبان مشی خان نے بھی انسٹاگرام پر روتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے انتقال کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، اس لیے فوری طور پر عوام کو حقیقت سے آگاہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 25 روز سے عمران خان کو اپنی بہنوں اور وکلا سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس کے باعث تشویش مزید بڑھ رہی ہے۔
View this post on Instagram
اڈیالہ جیل حکام نے عمران خان کی صحت سے متعلق تمام افواہوں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ جیل انتظامیہ کے مطابق سابق وزیراعظم کی صحت مکمل طور پر ٹھیک ہے اور ان کی باقاعدگی سے طبی نگرانی کی جا رہی ہے۔ حکام نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام قیاس آرائیاں حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتیں۔
دریں اثنا، عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی کل طے شدہ جیل ٹرائل کارروائی منسوخ کر دی گئی ہے۔ کیس کی نئی تاریخ کے بارے میں باضابطہ اطلاع جمعرات کو جوڈیشل کمپلیکس میں فراہم کی جائے گی۔














