سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل شیخ انتقال کر گئے

ریاض: سعودی عرب کے ممتاز دینی رہنما اور سینیئر علما کونسل کے صدر، شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل شیخ آج انتقال کر گئے۔
وہ مستقل کمیٹی برائے افتا کے سربراہ بھی تھے اور اپنی زندگی دین اسلام کی خدمت اور رہنمائی کے لیے وقف کیے ہوئے تھے۔
ان کے انتقال کی خبر سے سعودی عرب سمیت عالمِ اسلام کے دینی اور علمی حلقوں میں گہرا صدمہ پایا جاتا ہے۔ علما، طلبا اور عقیدت مندوں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ عبدالعزیز آل شیخ کا علمی ورثہ اور دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
علما اور عوام نے مرحوم کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی رحمت کے سائے میں جگہ دے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
پاکستان علما کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ عبدالعزیز آل شیخ ایک عظیم علمی و دینی شخصیت تھے، ان کے انتقال سے ملتِ اسلامیہ ایک بڑے رہنما اور عالمِ دین سے محروم ہوگئی ہے۔











