موبائل فون بیچنے سے قبل یہ اہم کام ضرور کر لیں، پی ٹی اے کی اہم ہدایات

اگر آپ اپنا موبائل فون بیچنے، کسی کو دینے یا مرمت کے لیے دینے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اس سے پہلے چند اہم حفاظتی اقدامات کرنا بے حد ضروری ہے، کیونکہ معمولی لاپرواہی آپ کی ذاتی معلومات کے افشا ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔
موجودہ دور میں اسمارٹ فون صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ ذاتی تصاویر، ویڈیوز، بینکنگ ایپس، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور حساس معلومات کا ذخیرہ ہوتا ہے، جس کی حفاظت ہر صارف کی ذمہ داری ہے۔
اکثر افراد نیا فون خریدنے کے بعد پرانا موبائل فروخت کر دیتے ہیں یا خرابی کی صورت میں دکان پر مرمت کے لیے دے دیتے ہیں، مگر مکمل احتیاط نہ کرنے کی صورت میں ان کا ڈیٹا غلط ہاتھوں میں جا سکتا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق صرف فیکٹری ری سیٹ کرنا کافی نہیں، کیونکہ جدید سافٹ ویئر کے ذریعے حذف شدہ ڈیٹا دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے، اس لیے فون کے مکمل طور پر انکرپٹ ہونے کی تصدیق ضروری ہے۔
ملک بھر میں غیر اخلاقی ڈیجیٹل مواد کے خلاف کریک ڈاؤن، پی ٹی اے کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع
پی ٹی اے کی ہدایات کے مطابق فون سیٹنگز میں جا کر اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو فعال کریں، چیٹ بیک اپ ڈیٹا کو اوور رائٹ کریں اور ری سیٹ کے بعد کچھ غیر ضروری فائلز ڈال کر دوبارہ ری سیٹ کریں تاکہ پرانا ڈیٹا مکمل طور پر ختم ہو جائے۔
اس کے علاوہ گوگل، ایپل آئی ڈی، سام سنگ یا دیگر تمام اکاؤنٹس حذف کرنا، سم کارڈ اور میموری کارڈ نکالنا بھی ضروری ہے، جبکہ ری سیٹ سے قبل اپنے ڈیٹا کا بیک اپ محفوظ مقام پر رکھنا نہ بھولیں۔
یہ حفاظتی اقدامات نہ کرنے کی صورت میں صارفین کو پرائیویسی کے افشا، شناخت کی چوری اور ذاتی ڈیٹا کے غلط استعمال جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، اس لیے معلومات کا تحفظ ہر فرد کی اپنی ذمہ داری ہے۔



















