سات سالہ بچہ جس نے پوری دنیا دیکھ لی، وائلڈر میک گرا کی حیران کن سیاحتی کہانی

دنیا بھر میں بے شمار لوگ پوری زندگی میں بھی تمام براعظم دیکھنے کا خواب پورا نہیں کر پاتے، مگر امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک سات سالہ بچے نے یہ کارنامہ کم عمری میں ہی انجام دے دیا۔
وائلڈر میک گرا نامی یہ بچہ محض سات برس کی عمر میں دنیا کے ساتوں براعظموں کی سیر کر چکا ہے، جو سیاحت کے شوقین افراد کے لیے کسی خواب سے کم نہیں۔
عام طور پر اس عمر کے بچے اسکول اور کھیل کود تک محدود ہوتے ہیں، تاہم وائلڈر کی زندگی کا انداز مختلف رہا، کیونکہ اس کی والدہ جورڈی لیپ میک گرا پیشے کے اعتبار سے سفری مصنفہ ہیں۔
وائلڈر نے اپنا پہلا غیر ملکی سفر صرف دو ماہ کی عمر میں والدین کے ہمراہ پرتگال جا کر کیا، جس کے بعد کیریبین جزائر، کینیڈا اور میکسیکو سمیت کئی ممالک کی سیر کی۔
View this post on Instagram
کووڈ 19 کے باعث سفر میں کچھ عرصے کا وقفہ آیا، مگر حالات بہتر ہوتے ہی وائلڈر نے یورپ، افریقہ، ایشیا اور آسٹریلیا سمیت دنیا کے چھ براعظموں کا سفر مکمل کر لیا۔
وائلڈر کی والدہ کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں خاندان نے ساتویں براعظم انٹارکٹیکا کا رخ کیا، جہاں برف سے ڈھکی سرزمین پر قدم رکھ کر وائلڈر نے ساتوں براعظم دیکھنے کا منفرد اعزاز حاصل کر لیا۔
تاہم وائلڈر کی والدہ نے یہ بھی واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی خوبصورت تصاویر کے برعکس، یہ سفر ہمیشہ آسان نہیں ہوتے، مگر ان تجربات نے ان کے بچے کو دنیا کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔












