ٹرمپ نے چین اور دیگر ممالک سے آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کی اپیل کی

امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر چین، جاپان اور دیگر ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے میں مدد کریں۔ واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے دفاعی نظام کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور آبنائے ہرمز میں خطرناک بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ چین اور دیگر ممالک آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کریں تاکہ تیل کی ترسیل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ چین کا 90 فیصد اور جاپان کا 95 فیصد تیل آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے جبکہ کوریا کا 35 فیصد تیل بھی اس راستے سے آتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے ایران کے 100 سے زائد بحری جہاز اور 7 ہزار فوجی و تجارتی اہداف کو نشانہ بنایا ہے اور ایران کی بحریہ کو تقریباً مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی ڈرون اور میزائل بنانے کی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا گیا ہے اور ان کے دفاعی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فوج نے بارودی سرنگیں بچھانے والے 30 بحری جہاز تباہ کر دیے ہیں، اور ضرورت پڑنے پر مزید فوجی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ کے برطانوی معیشت پر اثرات، ایک لاکھ سے زائد افرادکے بیروزگار ہونےکا خدشہ
ٹرمپ نے دیگر ممالک پر بھی تنقید کی کہ وہ آبنائے ہرمز میں مدد کے لیے پرجوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے گزشتہ 40 سال سے کئی ممالک کی حفاظت کی ہے، لیکن کچھ ممالک اب بھی تعاون کرنے میں ہچکچا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام ممالک کو اس سلسلے میں امریکہ کے ساتھ شامل ہونا چاہیے تاکہ خطے میں تیل کی ترسیل اور امن قائم رہے۔
آخر میں ٹرمپ نے دہرایا کہ چین اور دیگر ممالک آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کریں تاکہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل متاثر نہ ہو اور خطے میں سیکیورٹی برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی فوجی طاقت محدود ہو چکی ہے اور فی الحال مذاکرات کی کوئی جلد ضرورت نہیں ہے، بلکہ اہم مقصد آبنائے ہرمز کی حفاظت ہے۔











