ویب ڈیسک
|
1 سال پہلے
جعفر ایکسپریس حملے کے بعد بلوچستان سے دوسرے صوبوں کیلئے ٹرین سروس بحال نہ ہوسکی

جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد بلوچستان سے دوسرے صوبوں کی طرف جانے والی ٹرین سروس 4 روز سے معطل ہے۔
ذرائع کے مطابق، ریلوے حکام نے بتایا کہ بولان ٹریک کی مرمت کے بعد چند روز میں ٹرین سروس بحال کر دی جائے گی۔ حملے کی زد میں آنے والی جعفر ایکسپریس ابھی تک جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ محکمہ ریلوے کی ٹیکنیکل ٹیموں نے انجن اور 5 بوگیوں کو ٹریک پر چڑھا دیا ہے، جبکہ سرنگ نمبر 8 میں موجود 4 بوگیوں کو ٹریک پر چڑھانے سے قبل بی ڈی ایس کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، تمام بوگیوں کو ٹریک پر چڑھانے کے بعد ٹرین مچھ اسٹیشن روانہ کی جائے گی۔ متاثرہ ٹرین کی منتقلی کے بعد ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام شروع ہو گا۔
ریلوے حکام کے مطابق، سکیورٹی کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے ٹریک کی مرمت کا کام ابھی تک شروع نہیں ہو سکا۔ تاہم، انجن اور پانچ بوگیوں کو ٹریک پر چڑھا دیا گیا ہے اور جلد ہی ٹرین کو مچھ اسٹیشن بھیجا جائے گا۔
آپریشن کے مقام پر ایف سی کے بریگیڈیر عمر نے بریفنگ دی اور بتایا کہ آپریشن مکمل کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔















