جمال شاہ کا فریال گوہر سے طلاق پر افسوس کا اظہار

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جمال شاہ نے ماضی کی معروف اداکارہ فریال گوہر سے طلاق پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں جمال شاہ نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔
میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کس تعلق کے ختم ہونے پر انہیں سب سے زیادہ دکھ ہوا، جس کے جواب میں اداکار نے کہا کہ فریال گوہر سے ان کی پہلی اور پسند کی شادی تھی اور ان کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ روایتی خیالات رکھتے ہیں جبکہ فریال گوہر بہت خودمختار (انڈیپنڈنٹ) طبیعت کی حامل ہیں۔
فریال گوہر کا اعتراف: شادی زندگی کا غلط فیصلہ تھی
جمال شاہ کے مطابق دونوں کی سوچ میں اس فرق کی وجہ سے ساتھ رہنا مشکل ہوتا گیا اور بالآخر دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں فریال گوہر اور جمال شاہ نے ایک نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں ایک ساتھ شرکت کی تھی جہاں ایک سوال کے جواب میں فریال گوہر نے کہا تھا کہ جمال شاہ سے شادی کرنا ان کی زندگی کا ایک غلط فیصلہ تھا۔
یاد رہے کہ فریال گوہر اور جمال شاہ کو ماضی میں شوبز انڈسٹری کی مثالی جوڑی سمجھا جاتا تھا تاہم 1992 میں دونوں کی راہیں جدا ہوگئی تھیں۔
















