پہلے ون ڈے میں پاکستان کی بیٹنگ ناکام، بنگلادیش کے خلاف ٹیم 114 رنز پر آؤٹ

ڈھاکا میں جاری تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم صرف 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
یہ میچ شیربنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں مہدی حسن میراز کی قیادت میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے کیا۔ فرحان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شامل حسین صرف 4 رنز ہی بنا سکے۔
اپنا پہلا ون ڈے کھیلنے والے معاذ صداقت بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بنگلادیشی بولرز نے مسلسل دباؤ برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی
پاکستان کی پوری ٹیم 30.1 اوورز میں 114 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد رضوان نے 10 رنز اسکور کیے۔
دیگر کھلاڑیوں میں سلمان آغا 5، حسین طلعت 4، عبدالصمد صفر، شاہین شاہ آفریدی 4 اور محمد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ابرار احمد ناٹ آؤٹ رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق یہ بنگلادیش کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کا کم ترین اسکور ہے۔ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے چار کھلاڑیوں نے ون ڈے ڈیبیو کیا جن میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، عبدالصمد اور شامل حسین شامل ہیں، جبکہ 2008 کے بعد پہلی بار ایک ساتھ اتنے کھلاڑیوں کو ڈیبیو کا موقع ملا ہے۔











