مئی 2026 کا مہینہ پاکستان کے شہریوں کے لیے تعطیلات سے بھرپور ثابت ہونے کا امکان ہے، جہاں مختلف سرکاری تعطیلات، ہفتہ وار چھٹیاں اور مذہبی مواقع ملا کر مجموعی طور پر 14 سے 15 دن تک چھٹیاں مل سکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مہینے کا آغاز یومِ مزدور یکم مئی سے ہوگا، جو جمعہ کے روز آ رہا ہے۔ اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں شامل ہونے سے سرکاری و نجی ملازمین کو مسلسل تین دن کی تعطیلات میسر آ سکتی ہیں۔
مہینے کے آخر میں عیدالاضحیٰ کے باعث مزید طویل تعطیلات متوقع ہیں، تاہم اس کا انحصار ذوالحج کے چاند کی رویت پر ہوگا۔
اگر 17 مئی کو چاند نظر آ جاتا ہے تو عیدالاضحیٰ 27 سے 29 مئی کے درمیان متوقع ہے۔ اس صورت میں ہفتہ وار چھٹیوں کے ساتھ ملا کر تقریباً پانچ روزہ طویل وقفہ بن سکتا ہے۔
دوسری جانب اگر 17 مئی کو چاند نظر نہ آیا اور ذیقعد کے 30 دن مکمل ہوئے تو عیدالاضحیٰ 28 سے 30 مئی کے دوران منائی جا سکتی ہے، جبکہ 31 مئی کی اتوار کی چھٹی بھی اس میں شامل ہو جائے گی۔
مزید یہ کہ اگر حکومت کی جانب سے پیر 25 مئی کو اضافی چھٹی کا اعلان کیا گیا تو یہ 23 اور 24 مئی کی ہفتہ وار تعطیلات کے ساتھ مل کر ایک طویل چھٹیوں کا سلسلہ بن سکتا ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کے مطابق ذوالحج کے چاند کی رویت کے لیے اجلاس 17 مئی کو طلب کیا گیا ہے، جس کے بعد عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔