گیس بحران شدت اختیار کر گیا، آر ایل این جی سپلائی میں کمی

لاہور: ملک میں گیس کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جس کی بڑی وجہ آر ایل این جی کی مطلوبہ مقدار میں عدم دستیابی بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ میں آر ایل این جی کے موجودہ ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں، جس کے باعث صنعتی اور زرعی شعبوں کو گیس کی فراہمی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور سیکٹر اور کھاد کے کارخانوں کو بھی گیس کی فراہمی میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، جس سے پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گھریلو صارفین کو بھی گیس کی سپلائی میں کمی کر دی گئی ہے، جس سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق گیس کی روزانہ سپلائی کم ہو کر 700 ملین کیوبک فٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ مقدار 1200 ملین کیوبک فٹ تھی۔
سوئی ناردرن کے حکام کے مطابق گیس کا شارٹ فال 600 ملین کیوبک فٹ سے تجاوز کر چکا ہے، جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔
دوسری جانب گیس حکام کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کو کھانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم مجموعی نظام پر دباؤ برقرار ہے۔
















