ایف بی آر کی کاروباری اداروں کو ٹیکس ریٹرن درست کرنے کے لیے آخری مہلت خبر

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کاروباری اداروں کو جرمانوں سے بچنے کے لیے جمع کرائی گئی ٹیکس ریٹرنز میں غلطیوں کی اصلاح کا آخری موقع فراہم کر دیا ہے، جس کے تحت 72 گھنٹوں کے اندر ترامیم کی اجازت دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں رجسٹرڈ کاروباری اداروں کے لیے انوائسز میں موجود غلطیوں کو درست کرنے کا طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔ ادارے کے مطابق کاروبار ایک یا ایک سے زائد مربوط نظام استعمال کر سکتے ہیں، اور کسی بھی غلطی کی صورت میں انوائس کو تین دن کے اندر منسوخ، حذف یا اپ ڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ یہ تمام تبدیلیاں صرف 72 گھنٹوں کے اندر ایف بی آر کے مربوط نظام کے ذریعے کی جا سکتی ہیں، جبکہ اس مدت کے بعد کسی بھی ترمیم کے لیے کمشنر کی منظوری لازمی ہوگی۔
ایف بی آر کے مطابق انوائسز میں ردوبدل کے لیے مزید شرائط بھی لاگو ہو سکتی ہیں، جن کا مقصد سیلز ٹیکس کی شفاف اور بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنانا اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنا ہے۔
دوسری جانب ایف بی آر کے کلیکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمینٹ اینڈ انفورسمنٹ کوئٹہ نے مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران محصولات کے ہدف سے نمایاں طور پر زیادہ وصولی حاصل کی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق 7 ارب 36 کروڑ روپے کے ہدف کے مقابلے میں 9 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد محصولات جمع کیے گئے۔ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث درپیش مشکلات کے باوجود پاکستان کسٹمز نے تجارتی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
















