وائس ایڈمرل راجہ رب نواز کا معرکہ حق میں پاک بحریہ کی کامیابی پر اظہارِ خیال

معرکہ حق میں شاندار کارکردگی پر ستارہ بسالت حاصل کرنے والے وائس ایڈمرل راجہ رب نواز نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی نے ملک کے بحری مفادات کے تحفظ میں مکمل کامیابی حاصل کی۔ ان کے مطابق اس دوران پاک بحریہ نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور جنگی تیاری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران نیول چیف کی مدبرانہ قیادت نے اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان نیوی ہر لمحہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار رہی۔ وائس ایڈمرل کے مطابق بحریہ کی بروقت حکمت عملی اور تیاری نے دشمن کو کسی بھی جارحانہ اقدام سے باز رکھا۔
راجہ رب نواز نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران پاک بحریہ کے جنگی جہاز اور آبدوزیں اپنی اپنی اسٹریٹجک پوزیشنز پر موجود رہیں اور مکمل طور پر متحرک دفاعی نظام کے ساتھ سمندری حدود کی حفاظت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بحری افواج نے سمندری سرحدوں کے دفاع کو یقینی بنایا اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی گئی
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی کی تیاری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے اس بات کو واضح کیا کہ ملک کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے فورس ہر وقت چوکس ہے۔
وائس ایڈمرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان نیوی آئندہ بھی اسی جذبے اور تیاری کے ساتھ قومی دفاع کے فرائض سرانجام دیتی رہے گی اور کسی بھی خطرے کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی بحری افواج کی مسلسل تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور اعلیٰ کمانڈ کی مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔















