12 ممالک کا غزہ امدادی فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی مذمت

پاکستان سمیت 12 ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ کے لیے امدادی مشن “گلوبل صمود فلوٹیلا” پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ یہ مشن 2026 کے موسم بہار میں غزہ پر عائد ناکہ بندی توڑنے اور انسانی امداد پہنچانے کے مقصد سے روانہ ہوا تھا۔
مشترکہ بیان میں پاکستان، ترکیہ، برازیل، اردن، اسپین، ملائیشیا، بنگلہ دیش، کولمبیا، مالدیپ، جنوبی افریقہ اور لیبیا کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ یہ فلوٹیلا ایک پرامن اور شہری انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام تھا، جس کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا تھا۔
وزرائے خارجہ نے کہا کہ بحیرہ روم میں یونان کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں اسرائیلی بحری کارروائی اور انسانی امدادی کارکنوں کی غیر قانونی گرفتاری بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدامات عالمی انسانی قانون کی بھی سنگین پامالی کے زمرے میں آتے ہیں۔
بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے، بین الاقوامی قوانین کا احترام یقینی بنائے، شہریوں کا تحفظ کرے اور ان خلاف ورزیوں پر احتساب کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب اٹلی کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ روم، میلان، نیپلز اور ٹورین سمیت بڑے شہروں میں ہونے والے ان مظاہروں میں عوام نے غزہ کے لیے امدادی قافلے پر حملے کی مذمت کی۔
یہ احتجاج عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے غصے اور انسانی امدادی سرگرمیوں کے تحفظ کے مطالبے کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ سفارتی سطح پر بھی اس واقعے پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔















