05:31 , 29 اپریل 2026
Watch Live

ایل این جی کی کمی، پانچ ہزار میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند

ایل این جی کی کمی

اسلام آباد: پاور ڈویژن پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث ملک میں پانچ ہزار میگاواٹ صلاحیت کے پاور پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہو رہی۔

ترجمان کے مطابق رات کے پیک اوقات میں بجلی کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے مختلف ذرائع سے پیداوار بڑھانے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا، جس سے صورتحال کچھ بہتر ہوئی۔

ترجمان کے مطابق کل رات پیک اوقات میں پن بجلی کی پیداوار تقریباً چھ ہزار میگاواٹ رہی، جبکہ ملک میں پن بجلی کی مجموعی صلاحیت گیارہ ہزار پانچ سو میگاواٹ ہے۔

مزید بتایا گیا کہ مقامی گیس کی فراہمی سے کچھ پاور پلانٹس کی پیداوار میں بھی بہتری آئی، جس کے نتیجے میں بجلی کے نظام میں جزوی استحکام پیدا ہوا۔

ترجمان نے کہا کہ ملک کے جنوبی حصے سے تقریباً پانچ سو میگاواٹ بجلی کی ترسیل ممکن ہوئی، جبکہ ایک سو میگاواٹ کے نظام کو بھی بہتر انداز میں سنبھالا گیا۔

پاور ڈویژن کے مطابق تقسیم کار کمپنیوں نے پیک اوقات میں ایک سے دو گھنٹے تک لوڈ مینجمنٹ کی، تاہم پن بجلی میں اضافے کے باعث طویل لوڈشیڈنگ سے بچاؤ ممکن ہوا۔

انہوں نے واضح کیا کہ زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کا پیک اوقات کی لوڈشیڈنگ سے براہ راست تعلق نہیں۔

ترجمان کے مطابق اگر ایل این جی کی دستیابی بہتر ہو جائے اور پانی کے اخراج میں مزید اضافہ ہو تو رات کے اوقات میں بجلی کا شارٹ فال ختم کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION