01:37 , 1 مئی 2026
Watch Live

پنجاب میں رحمت کارڈ پروگرام کا آغاز

رحمت کارڈ پنجاب
رحمت کارڈ پنجاب

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے رحمت کارڈ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کا مقصد بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کو معاشی طور پر سہارا دینا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق رحمت کارڈ کے تحت 50 ہزار خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس اسکیم کے تحت بیوہ خواتین کو ایک لاکھ روپے جبکہ یتیم بچوں کو بھی ایک لاکھ روپے کی مالی امداد جاز کیش کے ذریعے دی جائے گی۔

درخواست کے لیے اہل افراد کو وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگی یا 1077 ہیلپ لائن سے رابطہ کرنا ہوگا۔ حکومت نے اس عمل کو آسان اور شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا ہے۔

یو اے ای کا اوپیک اور اوپیک پلس سے علیحدگی کا اعلان

اس اسکیم کے لیے اہلیت کے معیار بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ بیوہ خاتون کے لیے لازم ہے کہ اس کی حیثیت قومی شناختی کارڈ پر درج ہو، وہ کم آمدنی والے گھرانے سے تعلق رکھتی ہو، اور کسی بھی سرکاری مالی امداد یا ملازمت یا پنشن سے مستفید نہ ہو۔

یتیم بچوں کے لیے رجسٹریشن کے دوران سرپرست کی تفصیلات اور بچے کا ب فارم فراہم کرنا ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ درخواست گزار کا پی ایس ای آر سروے میں رجسٹر ہونا اور موبائل نمبر کا شناختی کارڈ سے منسلک ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس پروگرام کی باضابطہ منظوری دی تھی۔ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں انہوں نے کہا تھا کہ بیوہ اور یتیم افراد کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ محروم طبقے کی مدد حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس اقدام کا مقصد ان افراد کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION