02:36 , 23 جون 2026
Watch Live

اڈیالہ جیل کے گردونواح کو فوری طور پر ریڈ زون قرار دے دیا گیا

اڈیالہ جیل

اسلام آباد: اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے اس کے گردونواح کے پورے علاقے کو فوری طور پر ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا ناخوشگوار واقعے سے مؤثر طریقے سے نمٹا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق ریڈ زون کی حدود کا حتمی تعین آج کیا جائے گا، جس کے بعد اس علاقے میں عام شہریوں کی آمدورفت محدود اور سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے جائیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تربیت یافتہ اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی، تاکہ جیل کے اردگرد ہر قسم کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جاسکے۔

معتبر ذرائع نے بتایا کہ اڈیالہ جیل میں ساڑھے سات ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں، جن میں سے کئی کی سیکیورٹی اہمیت غیر معمولی ہے۔ چنانچہ یہ تاثر غلط ہے کہ صرف تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی حفاظت ہی خصوصی توجہ کا مرکز ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عطا تارڑ کا بڑا فیصلہ: اڈیالہ جیل میں ملاقاتیں محدود

سیکیورٹی اداروں کے مطابق جیل میں موجود دیگر ہائی پروفائل قیدیوں کی وجہ سے بھی انتظامات کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہو چکا تھا، جس کے لیے ریڈ زون کا نفاذ ایک اہم قدم ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں خبردار کیا تھا کہ اگر کسی نے جیل پر حملے یا جیل توڑنے کی کوشش کا سوچا بھی تو ریاست بھرپور اور فوری ردِعمل دے گی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کے نفاذ کے بعد سیکیورٹی پلان کو مزید جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ جیل اور اطراف کے پورے علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION