ایئرسیال نے ابوظہبی سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کردیں

متحدہ عرب امارات کے پانچ اہم ہوائی اڈوں کا انتظام سنبھالنے والے ابوظہبی ایئرپورٹس نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی نجی ایئرلائن ایئرسیال نے لاہور اور اسلام آباد کے لیے اپنی براہِ راست پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کو یو اے ای میں مقیم پاکستانی برادری کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔
ابوظہبی ایئرپورٹس کے مطابق ان نئے روٹس کے متعارف ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان سفری آسانیوں میں اضافہ ہوگا، جبکہ کاروباری، سماجی اور خاندانی روابط بھی مزید مضبوط ہوں گے۔ پاکستانی شہریوں کے لیے یہ پیش رفت سفر کے وقت اور اخراجات میں کمی کا باعث بنے گی۔
ایئرسیال نے ابوظہبی کے زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لاہور کے لیے ہفتہ وار تین پروازوں اور اسلام آباد کے لیے ہفتہ وار چار پروازوں کا شیڈول جاری کیا ہے۔ یہ سروس پاکستانیوں کے لیے ایک قابل اعتماد اور اضافی انتخاب فراہم کرے گی۔
ایئرسیال کی افتتاحی پرواز گزشتہ روز زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جہاں مسافروں کو ’گیٹ ٹو کرب‘ سہولت سمیت مختلف جدید خدمات فراہم کی گئیں۔ ایئرپورٹ پر 160 سے زائد ریٹیل آؤٹ لیٹس بھی مسافروں کے تجربے کو منفرد بناتے ہیں۔
Ceremony at Zayed International Airport – Abu Dhabi to celebrate flights linking Abu Dhabi with Islamabad and Lahore started by AirSial. pic.twitter.com/zxgg6to5Zw
— Pakistan Aviation News 🇵🇰 (@avpak3) December 3, 2025
اس موقع پر ابوظہبی ایئرپورٹس کی مینیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او ایلینا سورلینی نے ایئرسیال کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیا روٹ کمپنی کے اسٹریٹجک وژن کے مطابق ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر رابطوں کو وسعت دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور اسلام آباد کے لیے نئی پروازیں نہ صرف تجارت کو فروغ دیں گی بلکہ سیاحت اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خاندانی ملاقاتوں میں بھی آسانی پیدا کریں گی۔ ان کے مطابق یہ قدم دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
ایئرسیال کے چیئرمین فضل جیلانی نے ابوظہبی کے لیے ڈائریکٹ پروازوں کو علاقائی رابطے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ ایئرسیال مستقبل میں مزید بین الاقوامی روٹس متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔












