آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے اپنی دیرینہ ساتھی جوڈی ہیڈن سے شادی کر لی

آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے اپنی دیرینہ ساتھی جوڈی ہیڈن سے شادی کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق شادی کی تقریب 29 نومبر 2025 کو وزیرِ اعظم کی سرکاری رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی موجودہ آسٹریلوی وزیرِ اعظم اپنی مدتِ اقتدار کے دوران شادی کے بندھن میں بندھا ہے۔
تقریب نجی نوعیت کی تھی اور صرف قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ دلہن جوڈی ہیڈن سفید رنگ کا نفیس گاؤن زیب تن کیے ہوئے تھیں، جبکہ وزیرِ اعظم نیوی بلو سوٹ میں نظر آئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جوڑے کے پالتو کتے ٹوٹو نے بھی تقریب میں حصہ لیا اور شادی کی انگوٹھی سنبھالنے کی ذمہ داری ادا کی، یعنی وہ ’رِنگ بیئرر‘ کا کردار نبھاتا رہا۔
اس موقع پر خصوصی موسیقی پیش کی گئی اور ذاتی طور پر تیار شدہ شراب بھی فراہم کی گئی، جس نے تقریب کو مزید یادگار بنایا۔
واضح رہے کہ یہ مکمل طور پر نجی تقریب تھی اور اس کا کسی سیاسی یا سرکاری سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔











