02:37 , 23 جون 2026
Watch Live

بینظیر ہنرمند پروگرام: مستحقین کے لیے مفت تربیت، وظیفہ اور روزگار کے مواقع

بینظیر ہنرمند پروگرام

بینظیر ہنرمند پروگرام کا بنیادی مقصد بی آئی ایس پی کے مستحقین اور ان کے اہل خانہ کو بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ فنی مہارتیں سیکھ کر روزگار کے قابل ہو سکیں۔ اس پروگرام کے ذریعے حکومت مستحق افراد کو خود کفیل بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

پروگرام کے تحت اہل افراد کو مفت ٹیکنیکل اور پروفیشنل کورسز فراہم کیے جاتے ہیں، جن کے ساتھ ماہانہ وظیفہ، گریجویشن بونس اور مکمل ہونے پر سرٹیفکیٹ بھی دیا جاتا ہے۔ تربیت مکمل کرنے والوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔

بی آئی ایس پی نے اس منصوبے میں آئی ٹی، ہیلتھ، ہوٹل مینجمنٹ، کنسٹرکشن، بیوٹی سروسز، فیشن اور ٹیکسٹائل سمیت متعدد شعبے شامل کیے ہیں۔ ان کورسز کی مدت تین سے چھ ماہ رکھی گئی ہے تاکہ شرکاء کم وقت میں عملی تربیت حاصل کر سکیں۔

حکومت کے مطابق اس پروگرام میں صرف بی آئی ایس پی کے مستحقین یا ان کے خاندان کا ایک فرد ہی رجسٹریشن کرا سکتا ہے۔ اس کا مقصد حقیقی مستحقین تک سہولیات پہنچانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد معاشی طور پر مضبوط ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں معذور افراد کی شمولیت کے لیے اہم اقدام

پروگرام میں شمولیت کے لیے کم از کم تعلیمی شرط میٹرک جبکہ عمر کی حد 18 سے 40 سال مقرر کی گئی ہے۔ مستحقین کو ڈائنامک رجسٹری میں رجسٹر ہونا ضروری ہے، جس کے بعد ہی ان کی درخواست پر کارروائی کی جاتی ہے۔

رجسٹریشن کے لیے بینظیر ہنرمند پروگرام کا خصوصی پورٹل بنایا گیا ہے، جس کے ذریعے امیدوار اپنی معلومات جمع کروا سکتے ہیں۔ تاہم حتمی منظوری جانچ پڑتال کے بعد دی جاتی ہے۔ رجسٹریشن نہ کرنے والے افراد قریبی تحصیل آفس میں بھی اصل شناختی کارڈ اور فعال موبائل نمبر کے ساتھ رابطہ کر سکتے ہیں۔

حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ بینظیر ہنرمند پروگرام ملک میں ہنر مند افرادی قوت بڑھانے اور غربت میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پروگرام سے مستفید ہونے والوں کو مستقبل میں بہتر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION