10:38 , 29 اپریل 2026
Watch Live

چاول کی آڑ میں ہیروئن اسمگلنگ، تاجر کو سزا

کراچی کی انسداد منشیات عدالت نے فیصل آباد کے ایک تاجر کو چاول برآمد کرنے کی آڑ میں ہیروئن اسمگل کرنے کے الزام میں 64 سال قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے یہ فیصلہ تین مقدمات کی سماعت مکمل ہونے کے بعد سنایا۔

عدالت نے فیصل آباد کے ایکسپورٹر علی اکبر مرزا پر 25 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، اور ہدایت کی کہ اگر جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو اسے مزید 15 ماہ قید کاٹنا ہوگی۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملزم رشوت کا الزام ثابت نہیں کر سکا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق علی اکبر مرزا چاول کے کنٹینرز میں ہیروئن چھپا کر دبئی اور افریقا بھیج رہا تھا۔ اے این ایف نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کیا اور تفتیش کے دوران دو کنٹینرز کا پتہ چلا جو قاسم انٹرنیشنل ٹرمینل پر موجود تھے۔

اے این ایف نے ان کنٹینرز سے 20 کلو ہیروئن برآمد کی جو چاول کی بوریوں کے اندر تھیلیوں میں چھپا کر رکھی گئی تھی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ یہ ہیروئن پہلے پاوڈر کی صورت میں تھی، لیکن بعد میں وہ سخت شکل اختیار کر گئی۔

کیس میں علی اکبر مرزا کے ساتھ شامل دیگر افراد حاجی محمد، بادشاہ خان، عباس لیاقت اور محمد سلیم کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔ وکیل صفائی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ریکوری کے وقت کوئی ویڈیو یا تصویر نہیں بنائی گئی، اور ملزم پر جھوٹا الزام لگایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION