کیس نمبر 9 نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے

مقبول ڈرامے کیس نمبر 9 نے سوشل میڈیا اور عوام میں غیر معمولی پذیرائی حاصل کی ہے۔ ڈرامے کی تحریر، موضوع اور اداکاری نے لوگوں کو بے حد متاثر کیا ہے، اور اسی مقبولیت کے درمیان کیس نمبر 9 کی ریکارڈ مقبولیت مسلسل بڑھ رہی ہے جس کا چرچا ملک کے ساتھ بیرون ملک بھی ہو رہا ہے۔
اس ڈرامے کے مصنف معروف اینکر شاہ زیب خانزادہ ہیں جنہوں نے اپنے مضبوط جملوں اور حقیقت کے قریب کہانی سے ناظرین کے دل جیت لیے۔ یہ ڈرامہ اتنا ہٹ ہوا کہ اس نے مقبولیت کے کئی ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی ہے، جو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے لیے اہم سنگ میل ہے۔
اس ڈرامے کی گونج بیرونی میڈیا تک بھی پہنچ گئی ہے۔ ممتاز برطانوی میڈیا ادارے بی بی سی نے اپنی تفصیلی رپورٹ میں کیس نمبر 9 کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ رپورٹ میں عدالت کے وہ طاقتور اور تلخ مناظر شامل کیے گئے جو سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث ہیں۔
مزید پڑھیں: مہوش حیات کا فلرٹنگ پر جواب وائرل، ہمایوں سعید سرفہرست
بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں ڈرامے کے کئی ڈائیلاگ نقل کیے جن میں خواتین کے خلاف تعصب، ریپ کیسز میں ہونے والی جرح، طلاق یافتہ خواتین پر الزامات اور انصاف کے مسائل کو واضح انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں جسٹس عائشہ ملک کے تاریخی فیصلے کا حوالہ بھی شامل ہے جس میں کہا گیا تھا کہ متاثرہ عورت کے کردار پر سوال اٹھانا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔
اس ڈرامے نے ملک بھر میں ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ کچھ لوگ اسے معلوماتی اور اہم قرار دے رہے ہیں، جبکہ بعض کے مطابق سخت جرح عدالتی عمل کا حصہ ہوتی ہے۔ مگر اس سب کے باوجود کیس نمبر 9 کی ریکارڈ مقبولیت ثابت کرتی ہے کہ یہ ڈرامہ معاشرے کے ایک حساس مسئلے کو نئی سمجھ اور ہمت کے ساتھ پیش کر رہا ہے۔











