10:29 , 23 جون 2026
Watch Live

چین نے ٹک ٹاک ٹرانسفر ڈیل کی منظوری دے دی، امریکی وزیر خزانہ

ٹک ٹاک ٹرانسفر ڈیل

واشنگٹن : امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے تصدیق کی ہے کہ چین نے مختصر ویڈیو ایپ "ٹک ٹاک” کے منتقلی معاہدے   کی منظوری دے دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ چین کی منظوری کے بعد اب ٹک ٹاک معاہدہ آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں عملی مراحل میں داخل ہوگا۔ تاہم انہوں نے ڈیل سے متعلق مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

بیسنٹ نے یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے بعد فاکس بزنس نیٹ ورک کے پروگرام Mornings with Maria میں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “کوالالمپور میں ہم نے چینی منظوری حاصل کرنے کے سلسلے میں ٹک ٹاک معاہدے کو حتمی شکل دی ہے، اور توقع ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اس پر پیشرفت ہوگی۔”

یہ بھی پڑھیں : امریکا اور چین میں ٹک ٹاک ملکیت پر معاہدہ طے

دوسری جانب، چین کی وزارتِ تجارت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیجنگ ٹک ٹاک سے متعلق معاملات کو امریکا کے ساتھ مناسب طریقے سے حل کرے گا۔ چینی ترجمان کے مطابق دونوں ممالک اس مسئلے کے پُرامن حل کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال 25 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک سے متعلق ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کی مالیت تقریباً 14 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی سرمایہ کار اب ٹک ٹاک کی ملکیت سنبھال رہے ہیں اور ایپ کو "امریکی صارفین کے لیے محفوظ” بنا دیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ “چینی صدر شی جن پنگ نے ٹک ٹاک سے متعلق ہمارے اقدامات میں مثبت کردار ادا کیا اور اس فیصلے سے اختلاف نہیں کیا۔”

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION