چین میں کوئلے سے بجلی بنانے کا ماحول دوست طریقہ دریافت

دنیا بھر میں کوئلے کو جلا کر بجلی پیدا کی جاتی ہے، تاہم اس عمل سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہوتی ہے۔
عام طور پر کوئلے سے بجلی پیدا کرنا نسبتاً کم لاگت کا طریقہ ہے، جس کی وجہ سے اس کا استعمال زیادہ کیا جاتا ہے، مگر ماحولیاتی نقصانات ایک بڑا مسئلہ بن چکے ہیں۔
اب شینزن یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک ایسا نیا طریقہ دریافت کیا ہے جس کے ذریعے کوئلے کو جلائے بغیر بجلی حاصل کی جا سکتی ہے۔
سائنسدانوں نے ایک بیٹری نما ڈیوائس تیار کی ہے جسے "کوئلہ فیول سیل” کا نام دیا گیا ہے۔ اس نظام میں کوئلے کی کیمیائی توانائی کو براہِ راست بجلی میں تبدیل کیا جاتا ہے، جس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج نہیں ہوتا۔
حکومت کا صنعتی صارفین کے لیے نیا بجلی ٹیرف متعارف کرانے کا فیصلہ
ماہرین کے مطابق یہ جدید نظام کوئلے کو برقی کیمیائی توانائی کے ذریعے استعمال کرتا ہے اور اسے جلانے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔
اس عمل کے دوران کوئلے کے ذرات ایک پیچیدہ کیمیائی مرحلے سے گزرتے ہیں، جس کے نتیجے میں بجلی پیدا ہوتی ہے، جبکہ روایتی طریقوں کے برعکس توانائی کا ضیاع بھی نہیں ہوتا۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، تاہم مستقبل میں یہ ماحول دوست توانائی کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔



















