ڈکی بھائی سوشل میڈیا سے دور، اہلیہ نے گردش کرتی ویڈیوز کو پرانا قرار دے دیا

معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی (سعد الرحمٰن)، جو حال ہی میں جیل سے رہائی کے بعد گھر واپس آئے ہیں، اس وقت سوشل میڈیا سرگرمیوں سے مکمل طور پر دور ہیں۔
ان کی اہلیہ عروب جتوئی نے انسٹاگرام اسٹوری پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ڈکی بھائی کی تمام ویڈیوز اور تصاویر پرانے کلپس ہیں۔ ان کے مطابق، رہائی کے بعد سعد نے کوئی نیا مواد ریکارڈ نہیں کیا۔
عروب جتوئی نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ افواہوں یا سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط خبروں پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سعد اس وقت آرام کر رہے ہیں اور
“وہ جلد واپس آئیں گے، پہلے سے زیادہ مضبوط اور بہتر انداز میں۔”
یہ بھی پڑھیں : یوٹیوبر ڈکی بھائی کی لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت منظور کرلی
اس سے قبل لاہور کی ایک مقامی عدالت نے ڈکی بھائی کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا، جس میں مجسٹریٹ نعیم وٹو نے ہدایت کی تھی کہ اگر سعد الرحمن کسی دوسرے کیس میں مطلوب نہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔
ڈکی بھائی پر ایک مبینہ غیر قانونی جوا ایپ کو پروموٹ کرنے کے الزامات تھے، جس پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔
مقدمے کے دوران متعدد این سی سی آئی اے افسران پر کرپشن، غیر قانونی مالی معاملات اور اختیارات کے غلط استعمال کے سنگین الزامات سامنے آئے۔ ان میں ڈکی بھائی سے 90 لاکھ روپے رشوت لینے اور ڈیجیٹل کرنسیوں (جیسے بٹ کوائن) کے ذریعے رقم وصول کرنے کے انکشافات بھی شامل ہیں۔ شواہد سامنے آنے پر کئی افسران کو گرفتار کیا گیا۔














