بھارتی اداکارہ سنچیتا اوگلے 22 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں

بھارت کے مقبول ڈرامے کمکم بھاگیہ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ سنچیتا اوگلے 22 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی لاش مہاراشٹرا کے ضلع پالگھر میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ملی۔
رپورٹس کے مطابق سنچیتا اوگلے مبینہ طور پر اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کوئی مشکوک شے یا تحریری نوٹ برآمد نہیں ہوا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق اداکارہ کے والد نے کسی شخص پر شک ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی کسی کو ان کی موت کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سنچیتا اوگلے نے اپنی وفات سے چند گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی، جس میں وہ مشہور گانا "ڈفلی والے” گاتی ہوئی نظر آ رہی تھیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔











