جویریہ سعود کی وضاحت، یمنیٰ زیدی سے متعلق بیان پر معذرت

معروف میزبان و اداکارہ جویریہ سعود نے عید کے خصوصی پروگرام کے دوران کیے گئے اپنے ایک متنازع تبصرے پر وضاحت پیش کرتے ہوئے معذرت کرلی ہے۔
نجی ٹی وی کی خصوصی نشریات کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں ایک سیگمنٹ کے دوران مہمانوں کو مشہور شخصیات کے بچپن کی تصاویر دکھا کر انہیں پہچاننے کو کہا گیا۔ اسی دوران ایک تصویر کو یمنیٰ زیدیسے منسوب کیا گیا۔
مہمانوں کی رہنمائی کرتے ہوئے جویریہ سعود نے کہا کہ “شوبز میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو کافی عرصے سے کام کر رہے ہیں مگر اب جا کر مقبول ہوئے ہیں”، جسے سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یمنیٰ زیدی نے ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ دکھائی جانے والی تصویر ان کے بچپن کی نہیں بلکہ غلط معلومات پر مبنی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی مواد کو نشر کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضروری ہے۔
بعد ازاں شوبز شخصیات اور صارفین کی جانب سے تنقید کے بعد جویریہ سعود نے وضاحت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں ان کی ٹیم کی جانب سے غلط تصویر دکھائی گئی، جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
جویریہ سعود کا کہنا تھا کہ وہ یمنیٰ زیدی کی بے حد عزت کرتی ہیں اور ان کے کام کی بھی قدر کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں لیا گیا اور ان کا مقصد کسی خاص شخصیت کو تنقید کا نشانہ بنانا نہیں تھا بلکہ وہ ایک عمومی بات کر رہی تھیں۔













